کمٹہ20جون (ایس او نیوز) کمٹہ تعلقہ کے برگی نیشنل ہائی وے پر آج پیر صبح ہوئے ایک خطرناک سڑک حادثے میں میاں بیوی ہلاک ہوگئے ، جبکہ ان کا بچہ شدید زخمی ہوگیا۔ حادثہ اُس وقت پیش آیا جب ایک کار جس پر یہ تینوں سوار تھے، برگی نیشنل ہائی وے پر مخالف سمت سے آرہی ایک لاری سے کافی تیزرفتاری کے ساتھ ٹکراگئی۔ حادثے کی شدت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ ٹکر لگتے ہی کاربے قابو ہوکر سڑک کنارے ریلنگ سے ٹکراگئی،جس کے نتیجے میں کارکے پرخچے اُڑ گئے اور اگلے دونوں پہیے کار سے الگ ہوگئے،ٹکر اتنبی خطرناک تھی کہ لاری کا اگلا پہیہ تک پھٹ گیا۔حادثے میں کار ڈرائیور موقع پر ہلاک ہوگیاجس کی شناخت سرسی کے رہنے والے مادھو نائک (37) کی حیثیت سے کی گئی ہے۔حادثے میں مادھو نائک کی اہلیہ اور ان کے بچے کو شدید چوٹ لگی تھی اور دونوں کو نازک حالت میں پہلے کمٹہ سرکاری اسپتال پھر بعد میں منی پال لے جایا جارہا تھا۔جس کے دوران خبر موصول ہوئی کہ منی پال اسپتال پہنچنے سے پہلے ہی ان کی اہلیہ رنجیتا نائک بھی زخموں کی تاب نہ لاکر چل بسی ہے۔
گوکرن پولس تھانہ میں معاملہ درج کیا گیا ہے اور پولس حادثے کی چھان بین کررہی ہے۔